12تا17 ربیع الاول ملک بھرمیں ہفتہ وحدت منایا جائیگا،علامہ ناظرعباس


شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدرعلامہ سید ناظر عباس تقوی کاکہناہے کہ عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے12تا17 ربیع الاول ملک بھرمیں ’’ہفتہ وحدت و اخوت‘‘ منایا جائے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدرعلامہ سید ناظر عباس تقوی کاکہناہے کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے12تا17 ربیع الاول ملک بھرمیں ’’ہفتہ وحدت و اخوت‘‘ منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کی مناسبت سے کراچی کے تمام اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی جو نمائش پر اختتام پزیر ہونگی۔

علامہ ناظرعباس نے کہا کہ حکم قرآنی اور سیرت معصومین ؑ کا تقاضا ہے کہ امت محمدی ؐ کی وحدت اور اتحاد کے لئے کام کیا جائے کارکن عیدمیلادالنبی کے مشترکہ پروگرامز اور اجتماعات منعقد کریں سینکڑوں مشترکات کو بنیاد بناکر معمولی اختلافی مسائل کو پس پشت ڈال کر ملت اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ  ہمیں چائیے پیغمبر گرامی ؐ کی سیرت سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور فروعی و جزوی مسائل کے حل کے لئے امن محبت رواداری تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کریں۔