چینی قونصلیٹ پرحملہ سی پیک کے خلاف سازش ہے، عمران خان


پاکستانی وزیراعظم نے چینی قونصلیٹ پرحملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا حملہ سی پیک کے خلاف سازش ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو بےنقاب کیا جائے گا، پاک چین تعلقات ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہرے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  عمران خان نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعےکی فوری تحقیقات کی ہدایت کردی اور کہا چینی قونصلیٹ پرحملہ سی پیک کے خلاف سازش ہے، ایسےواقعات پاک چین تعلقات کوکمزورنہیں کرسکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس اوررینجرز نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، قوم اپنے شہیدوں کوسلام پیش کرتی ہے، واقعے میں ملوث عناصرکو بے نقاب کیا جائے گا ، پاک چین تعلقات ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہرےہیں۔

یاد رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق تین سے چار حملہ آور سفید کار چینی قونصلیٹ  کے قریب پہنچے اور قونصل خانے کے دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

بہادراہلکاروں نے مقابلہ کیا جس پر دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دو اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور ویزا سیکشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، یہاں بھی اہلکار موجود تھا، جس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ۔

فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے ہی میں محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے ، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہراحاطے ہی میں مارے گئے، جن سے بھاری اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد ہوئے۔

دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا۔