پاکستانی فلم ’اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مار خور‘ کے نام ایک اور ایوارڈ


جنگلی حیات پر مبنی اینی میٹڈ فلم ’اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور‘ نے جنوبی ایشیا بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ جیت لیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،پاکستانی اینی میٹڈ فلم نے یہ دوسرا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے جو ساؤتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ویورز ڈیمانڈ (ناظرین کی رائے) پر دیا گیا قبل ازیں اسے فلم مونولتھ ایوارڈ برائے موضوع اور ٹیکنالوجی سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

فلم کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو مبارکباد کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان کی عزت میں اضافے سے ہم سب بہت خوش ہیں، ہم ہر اس فرد کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں محبت اور حمایت دی۔

فلم کی کہانی عزیر ظہیر خان نے لکھی ہے جو پاکستان کے شمالی علاقوں کے پس منظر میں پیش کی گئی ہے فلم کا مرکزی کردار ’اللہ یار‘ ایک بچہ ہے جو ایک شکاری سے مارخور کو بچا کر اس کے گھر تک پہنچاتا ہے۔

فلم کا مقصد خصوصاً بچوں میں جنگلی حیات کے تحفظ کا شعور فراہم کرنا تھا اور یہ موضوع پاکستان میں بہت کم زیرِ بحث آتا ہے۔ مضبوط اسکرپٹ اور عمدہ اینی میشن کے سبب یہ فلم بہت مقبول ہوئی اور اسے بڑی تعداد میں دیکھا گیا۔