واٹس ایپ:بایو میٹرک سیکیورٹی فیچرز سے کھلے اوربند ہوگا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’واٹس ایپ‘ کو اب فون کے بایومیٹرک سیکیورٹی فیچرزکے ذریعےکھولا اور بند کیا جا سکتا ہے، سیکیورٹی فیچرز کے معنی یہ ہیں کہ اب ایپلی کیشن چہرے کو دکھا کر اورانگلیوں کے ٹچ سے آپریٹ ہوسکے گی۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے معروف ویب سائٹ ’نائن ٹو فائیو‘ نے خبر دی ہے کہ واٹس ایپ کی یہ سہولت فی الحال آئی فون کے ایسے ماڈلوں کے لیے فراہم کی گئی ہے جو آئی او ایس استعمال کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ نے البتہ یہ عندیہ دیا ہے کہ بہت جلد یہی سہولت اینڈرائیڈ موبائل فونز کے لیے بھی مہیا کر دی جائے گی۔
واٹس ایپ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت صارفین کے لیے اس کے ورژن 2.19.20 میں موجود ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق صارفین کو صرف اس کی سیٹنگ میں جا کرپرائیویسی مینو میں تبدیلی کرنا ہوگی۔
واٹس ایپ کی جانب سے فراہم کردہ سہولت سے صارفین کو یہ فائدہ ہو گا کہ ان کا فون کھلا ہوا ہونے کے باوجود کوئی دوسرا شخص واٹس ایپ نہ کھول سکے گا، نہ دیکھ سکے گا اور نہ ہی پڑھ سکے گا۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین نے البتہ یہ خدشہ ضرور ظاہر کیا ہے کہ صارفین کو نو ٹیفکیشن سیٹنگ میں احتیاط برتنا ہوگی کیونکہ اس کو تبدیل کیے بنا بھی کسی کے لیے واٹس ایپ پیغام پڑھنا ممکن ہو گا حالانکہ واٹس ایپ لاک بھی ہوگا۔
ماہرین کے مطابق کسی کے لیے واٹس ایپ پیغام کا جواب بھی دینا ممکن ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایپ کو کھولے بغیر بھی کال وصول ہو سکتی ہے۔