امراض قلب اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھانے والی غذائیں


ایک زمانہ تھا جب ہارٹ اٹیک اور دل کے دیگر امراض درمیانی عمر یا بڑھاپے میں سامنے آتے تھے مگر اب یہ نوجوانوں میں بھی عام ہوتے جارہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارہ: دل انسانی جسم کے اہم ترین اعضاءمیں سے ایک ہے مگر حیران کن طور پر ہم اس کی زیادہ پروا نہیں کرتے۔

روزمرہ کے تناﺅ اور مضر صحت غذا کے استعمال سے اس پر بوجھ بڑھاتے رہتے ہیں حالانکہ سب کو علم ہے کہ بہت زیادہ چکنائی سے بھرپور غذا بلڈ کولیسٹرول کی سطح بڑھانے کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں خون کی شریانیں سکڑنے لگتی ہیں اور دل اپنے افعال سرانجام دینے سے قاصر ہونے لگتا ہے۔

اس کا نتیجہ ہارٹ اٹیک یا امراض قلب کی شکل میں نکلتا ہے۔

مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ کون کون سی غذائیں دل کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں؟ اگر نہیں تو جان لیں۔

گوشت کے قتلے

گوشت کے قتلے میں ایسی چربی بہت زیادہ مقدار میں ہوتی ہے جو کہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھتا ہے، ان قتلوں میں نمک کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے بلڈ پریشر بڑھتا ہے اور دل کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، نمک کی زیادہ مقدار فالج، امراض قلب اور ہارٹ فیلیئر کا باعث بن سکتی ہے۔

سرخ گوشت

ایسا نہیں کہ گائے یا بکرے کا گوشت نہ کھائیں، مگر اس کا بہت زیادہ استعمال امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہے، جس کی وجہ اس میں چربی کی مقدار زیادہ ہونا ہے جو کولیسٹرول کی سطح بڑھاتا ہے، تو سرخ گوشت سے لطف اندوز ہوں مگر بہت زیادہ کھانے سے گریز کریں جبکہ چربی سے پاک گوشت کو زیادہ ترجیح دیں۔

سافٹ ڈرنکس

ان میٹھے مشروبات کو کبھی کبھار پینا تو زیادہ نقصان نہیں پہنچاتا مگر ان کا روزانہ استعمال ضرور خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، جس کی وجہ ان میں مٹھاس کی مقدار بہت زیادہ ہونا ہے، ان مشروبات کو زیادہ پینے سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2، ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے جو آگے بڑھ کر ہارٹ اٹیک اور فالج کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

بیکری کی مصنوعات

بسکٹ، کیک اور دیگر یقیناً مزیدار ہوتے ہیں مگر ان میں چینی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور انہیں زیادہ کھانا موٹاپے کا باعث بنتا ہے، ان میں ٹرائی گلیسڈر کی سطح بھی بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ امراض قلب کا باعث بنتی ہے، ان مصنوعات کی تیاری کے لیے میدے کا استعمال ہوتا ہے جو بلڈ شوگر بڑھا سکتا ہے اور بھوک بڑھاتا ہے۔

سفید ڈبل روٹی، پاستا اور چاول

چاول، ڈبل روٹی اور پاستا جو میدے سے بنے ہوں، ان میں صحت بخش فائبر، وٹامنز اور منرلز کی کمی ہوتی ہے، ریفائن اجناس جسم میں جاکر بہت تیزی سے شکر میں بدل جاتی ہیں جو جسم چربی کے طور پر ذخیرہ کرتا ہے۔ اس طرح کی ریفائن اجناس کا زیادہ استعمال توند کا باعث بنتا ہے جو کہ امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

پیزا

پیزا صحت کے لیے فائدہ مند بھی ہوسکتا ہے کہ اگر اسے درست طریقے سے پکایا جائے مگر بازار میں دستیاب اکثر پیزا نمک، چربی اور کیلوریز سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ سب ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

فرنچ فرائیز

تیل میں بننے والے یہ چپس مزیدار تو ہوتے ہیں مگر ان میں چربی اور نمک کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو دل کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ فرنچ فرائیز زیادہ کھانے کے عادی ہوتے ہیں ان میں ہارٹ اٹیک یا امراض قلب سے جلد موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

فرائیڈ چکن

فرنچ فرائیز کی طرح فرائیڈ چکن کو بھی ڈیپ فرائی کیا جاتا ہے جس سے ان میں کیلوریز، چربی اور نمک کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جن کے نقصانات اوپر درج ہوچکے ہیں، مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں تلی ہوئی غذاﺅں سے ذیابیطس ٹائپ ٹو، موٹاپے اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرات بڑھنے کی نشاندہی کی گئی ہے جو سب ہارٹ فیلیئر کا باعث بن سکتے ہیں۔

آئسکریم

آئسکریم میں چینی، کیلوریز اور سچورٹیڈ فیٹ کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو اسے کبھی کبھار کھانا ہی بہتر ہوتا ہے، چربی اور چینی سے بھرپور غذاﺅں کا زیادہ استعمال موٹاپے کے ساتھ جسم میں ٹرائی گلیسڈر کی سطح بڑھاتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک کا امکان بڑھتا ہے۔

چپس

بیکری یا کمپنیوں کے تیار کردہ چپس موٹاپے کا باعث بن سکتے ہیں جس کی وجہ ان میں چربی کی مقدار زیادہ ہونا ہے جبکہ ان میں نمک کی مقدار بھی بہت زیادہ ہے جو امراض قلب کا خطرہ بڑھاتی ہے۔