نیب پرویز مشرف کی باقیات میں سے ایک ہے، بلاول
پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نیب پرویزمشرف کی باقیات ہے، کرپشن ختم کرنی ہے توایسا ادارہ بنانا پڑے گا جہاں تمام پاکستانیوں کے لیے ایک ہی قانون ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خان صاحب کہتے رہے کہ بھیک نہیں مانگیں گے، خودکشی کریں گے مگرآئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے،مگر اب وہ جس ملک میں جاتے ہیں چندہ اوربھیک مانگتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے علاقے دوڑ میں کاروانِ بھٹو کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ شہباز شریف کو مبارک باد دیتا ہوں کہ ان کا نام ای سی ایل سے ہٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کی نشانی یہ ہوتی ہے کہ وہ جان دے دیتے ہیں یوٹرن نہیں لیتے، بے نامی وزیراعظم کا احتساب کب ہوگا، باجی علیمہ کا احتساب کب ہوگا؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ علیمہ خان کہتی ہیں کہ سلائی مشینیں بیچ کر بیرون ملک جائیداد خریدیں، یہ سلائی مشینیں ہمیں بھی دے دیں تاکہ سندھ کی خواتین کو دیں۔
انہوںنے کہا کہ ایوب، ضیاء، مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، یہ عمران خان کیا چیزہیں؟ ہماری زبان بندی نہیں کی جا سکتی، کیا یہ سمجھتے ہیں کہ ذوالفقار بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر کا بیٹا چپ رہے گا؟۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ احتساب پر کوئی اعتراض نہیں، کرپٹ لوگوں کو پکڑیں، کرپشن ختم کریں، مگر ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کاروان بھٹو ٹرین مارچ دوسرے مرحلے میں نواب شاہ سے روانہ ہوگیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے صوبائی وزراء، رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ٹرین میں موجود ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت گزشتہ روز کینٹ اسٹیشن کراچی سے شروع ہونے والے کاروانِ بھٹو ٹرین مارچ کا پہلا مرحلہ کل رات نواب شاہ میں اختتام پذیر ہوا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کراچی تا نواب شاہ متعدد ریلوے اسٹیشنوں پر جمع ہونے والے کارکنوں اور عوام سے خطاب بھی کیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت کاروانِ بھٹو ٹرین مارچ آج رات لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔