کراچی میں باغ ابن قاسم کی ایک بار پھر تزئین و آرائش+تصاویر


کراچی کلفٹن میں واقع باغ ابن قاسم کی ایک بار پھر تزئین و آرائش کردی گئی ہے اور اب شہریوں کو تفریح کا بہترین موقع مل گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کلفٹن کے علاقے میں واقع 130 ایکڑ کے وسیع و اریض رقبے پرقائم باغ ابن قاسم تزئین سے پہلے تباہ حالی کا شکارتھا، قیمتی زمین کے ایک ایکٹر پر لینڈ مافیا نے 4 منزلہ غیرقانونی عمارت تعمیرکرلی تھی، سبزہ نہ ہونے کے برابرتھا، ،5 کروڑ روپے سالانہ اخراجات کے باجود اور دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب خوشبودار پھولوں کے پودے جل گئے تھے، پودوں کی جگہ کچرے کے ڈھیر  اور کتوں کا بسیرا تھا۔

تاہم وزیراعظم عمران خان کے افتتاح نے اسے دوبارہ نئی زندگی دے دی ہے، باغ کی تزئین و آرائش کے بعد اب پارک میں گل مہر،کنجاراور کیشا فیٹلوکی خوشبومیں بسی قطاریں لگ گئی ہیں، لہلہاتے پھول، مخمل جیسی گھاس، جہاں تین سوپھولداردرخت لگائے گئے، پانی کے لئے نیا ایری گیشن نظام ڈالا گیا، بیٹھنےکے لئےسیٹیں لگائی گئی ہیں، پارک کی تزین وآرائش کےبعد شہریوں کو تفریح کا بہترین موقع مل گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن پاکستان تحریک انصاف اور اسکی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے جس نے صوبے کی عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیلا ہے، ذاتی مفادات کے لئے اداروں کو تباہ کیا گیا اور عوام کے پیسے سے اپنی ذاتی تجوریاں بھری گئیں، عوامی نمائندگان عوام کے مسائل کی نشاندہی اور انکے حل میں متحرک کردار ادا کریں، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل میں ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔