اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید کم نہیں ہوگی: اسٹیٹ بینک


ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک سیدعرفان شاہ نے ایکسچینج کمپنیوں سے ملاقات کی اورکہا کہ اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید کم نہیں ہوگی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، عرفان شاہ نے کہا کہ مارچ میں بڑی ادائیگیوں کی وجہ سے ڈالر کی طلب تھی، اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید کم نہیں ہوگی ، نہ ہی حکومت کا کوئی ارادہ ہے، انٹربینک میں جب ڈالر کی ڈیمانڈ زیادہ ہوگی تو وقتی طور پر ریٹ بڑھے گا اس کے بعد خود بہ خود کم بھی ہوگا۔

ملاقات کے دوران فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے کہا کہ حکومت میں شامل افراد کے بیانات کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ بڑھ رہا ہے۔

انھوں نے ایس بی پی کے ڈائریکٹر فارن ایکسچینج عرفان شاہ کو بتایا کہ حکومت کے ایڈوائزری کونسل کے رکن ڈاکٹر اشفاق حسن ڈالر کے 150 روپے تک جانے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے وفد کے دورہ کرنے سے پہلے پانچ مارچ کو ڈالر 138.50 روپے کا تھا، ایک ماہ میں ڈالر تین روپے مہنگا ہوا، حکومت خود فری فلوٹ نظام کا اعلان کر رہی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حج و عمرہ سیزن میں عازمین حج کو تقریباً 6 ارب ڈالر کے مساوی زر مبادلہ درکار ہے، لیکن اب ڈالر کی ڈیمانڈ دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔