بلوچستان: تفتان میں لیویز کی کارروائی ،9 افغانی بازیاب


بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان میں لیویز فورس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 افغان کو بازیاب کرالیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع پر لیویز فورس نے تفتان کے علاقے کلی اسٹیشن میں کارروائی کی، بازیاب ہوئے مغوی افغان باشندے ہیں۔

مغویوں کو 20 روز قبل افغان سرحدی علاقے رباط سے اغوا کیا گیا تھا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران اغواکار مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے افغان باشندے غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے، غیر قانونی افغان تارکین وطن کو تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا ۔

تاوان کی وصولی کے لیے مغویوں پر تشدد کی ویڈیوز بناکر خاندان کو واٹس اپ کیا جاتا تھا، ڈپٹی کمشنر چاغی نے بتایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔