فضل الرحمن نے وزیراعظم اور حکومت کو جعلی قرار دیا


جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت جعلی ہے اورجو وزیراعظم بنا بیٹھا ہے وہ بھی جعلی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جاتی امراء جا کر  مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق فضل الرحمن اور نواز شریف کی ملاقات تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سنگین صورت اختیار کرچکی ہے، اس حوالے سے میاں صاحب سے بات ہوئی اور آج کی ملاقات اسی ایجنڈے پر محیط رہی۔

انہوں نے کہا کہ معیشت نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہو تو اندازہ کیا جا سکتا ہے کیا حال ہوگا، نواز شریف اور میں نے موجودہ ملکی حالات پر تشویش محسوس کی، مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو نجات دلانے کیلئے بات ہوئی۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں آصف علی زرداری صاحب سے بھی ملاقات کروں گا، جمعیت علماء اسلام نے ملین مارچ کی تیاری کر لی ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت ہے اورجو وزیراعظم بنا بیٹھا ہے وہ بھی جعلی ہے۔

انہوں نے نیب کے خلاف بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا یہ ایک انتقامی ادارہ ہے جس کے خلاف ہمیں سخت فیصلہ کرنا ہوگا۔