مسائل کا حل عادلانہ اور غیر متنازع نظام حکومت میں مضمر ہے‘ علامہ ساجد نقوی


شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف، منصفانہ، عادلانہ اور غیر متنازع نظام حکومت میں مضمر ہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب کی سیرت اقدس ہی ایک راستہ ہے جس پر عمل کرکے ہم پورے عالم اسلام کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کردار حضرت علی علیہ السلام کی طرح اپنے نفس کی تطہیر اور تزکیہ کر کے نظام کی خرابیوں کو درست کر کے ظلم، ناانصافی، بے عدلی، دہشت گردی‘ انتہا پسندی اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

حضرت علی علیہ السلام  کے یوم ضربت پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے تطہیر نفس کیلئے تقویٰ، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کیلئے عدل، انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کیلئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ علیہ السلام کے اندر ذاتی اور اجتماعی رہنمائی کیلئے تمام خصوصیات اور شرائط موجود تھیں جس سے ایک عام انسان سے لیکر دنیا پر حکمرانی کرنے کے خواہشمند شخص کیلئے مکمل استفادے کا سامان موجود ہے۔