علامہ عباس کمیلی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،مذہبی،سیاسی رہنما
معروف عالمِ دین اور جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کُمیلی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے انہیں علی باغ قبرستان چاکیواڑہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔
تسنیم نیوز کے مطابق علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر مختلف سیاسی و مذہبی اور سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو اتحاد بین المسلمین کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ علامہ عباس کمیلی کا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال،آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام ، کراچی بار کے صدر اور دیگر نے جعفریہ الائنس کے سربراہ اور سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت ، مرحوم کی مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مرحوم نے اپنی سینیٹر شپ کے دور میں ایوان بالا میں بھی حقوق کی پامالی پرببانگ دہل صدائے حق بلندکی،علامہ عباس کمیلی کی قومی وملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ علامہ عباس کمیلی کی اتحاد بین المسلمین کے لیے گراں قدر خدمات مثالی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، نعیم قریشی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عباسی کمیلی کا انتقال بڑا نقصان ہے،مرحوم نے مختلف مکاتب فکر میں اتحاد کے لیے بے لوث کام کیا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی مسلم لیگ کے رہنما سید غوث علی شاہ،کپٹن حلیم صدیقی ،سینٗر ساست دان نفیس احمد صدیقی ،بشارت مرزا، رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی مجاہد چنا نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔