افغان صدر اشرف غنی کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات
وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات جاری ہے ، ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اورقیام امن سےمتعلق تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں افغان صدر اشرف غنی کے اعزاز میں استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر افغان صدر کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد پر دونوں ملکوں کےقومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں معزز مہمان کوگارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کی ون آن ون ملاقات جاری ہے، ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور قیام امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوئی تھی ، شاہ محمودقریشی نے وزیر اعظم اورپاکستانی عوام کی طرف سے اشرف غنی کو خوش آمدید کہا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کےامور اور معیشت، مواصلات، عوامی سطح پر روابط بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے مابین تجارت ،سرمایہ کاری کےفروغ سے متعلق گفتگو ہوئی۔
افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا افغانستان میں پائیدارامن اور خوشحالی پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان امن عمل کے لئےنیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، افغان نتیجہ خیزمذاکرات ہی پائیدارامن اوراستحکام کا واحد راستہ ہے۔
خیال رہے افغان صدر اشرف غنی آج صبح 2 دوزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر افغان سفیرعاطف مشال اوردفتر خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے
اعلیٰ سطح وفد، سینئر حکام اور کاروباری افراد بھی افغان صدر کے ہمراہ ہیں۔