کرکٹ ورلڈ کپ 2019: افغانستان کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ


ورلڈ کپ میں آج افغانستان نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

افغان کپتان گلبدین نائب نے قومی کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ کوشش ہوگی آج کے میچ میں بڑا اسکور کریں۔

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، پوری کوشش کریں گے آج بھی اچھی پرفارمنس دیں۔

افغانستان کے خلاف پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے کپتان سرفراز احمد سمیت فخرزمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ شامل ہیں۔

عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور شاہین آفریدی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک 7 میچز کھیل چکی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے اب تک 7 میچوں میں سے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کیا ہے جب کہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوگیا۔

افغانستان ایونٹ کے 7 میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان آخری یعنی دسویں نمبر پر موجود ہے۔

شاہین آج کا میچ بھی جیتنے کے لیے پر عزم ہیں جس کے لیے تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔

 پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج کا میچ بھی جیتنا ضروری ہوگا۔

کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ افغانستان کے خلاف میچ پر ہے جس کے بعد ہم بنگلا دیش کے بارے میں سوچیں گے۔

ہیڈنگلے میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے آج بھی تیز دھوپ نکلے گی اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔

نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔