امریکی جنگی جنون کو دیکھتے ہوئے حشد الشعبی کا ہونا ضروری ہے، حزب اللہ


عراقی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی دلچسپی اور جنگی جنون کو مدنظر رکھتے ہوئے حشد الشعبی جیسی عوامی طاقتور فورس کی ضرورت ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،عراقی حزب اللہ کے ترجمان جعفر الحسینی کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کی عراق میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور جنگی جنون سے عراق کو خطرہ ہے۔
عراقی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری بیرونی مداخلتوں کے پیش نظر الحشد الشعبی کا وجود ضروری ہے۔
جعفر الحسینی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں اب بھی داعش کے خفیہ ٹھکانے موجود ہیں اور ملک کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا عراق سے تکفیری داعشی دہشت گردوں کو شکست دینے میں الحشد الشعبی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس فورس کا باقی رہنا ملک کے فائدے میں ہے۔
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم عبدالمہدی نے رضا کار فورسز الحشد الشعبی کے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیاہے۔ عراقی وزیراعظم کا کہناہے کہ الحشد الشعبی نے ملک کو تفکیری دہشت گردوں سے آزاد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، لہذا اس فورس کے تمام اہلکار قومی مسلح افواج کا حصہ ہیں۔ وزیر اعظم عبدالمہدی کا کہنا ہے کہ جو سہولیات عراقی سرکاری فوج کی دی جارہی ہیں الحشد الشعبی کو بھی دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ الحشد الشعبی عراقی سرکاری فوج ماتحت کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ کے دوران استعمال کئے جانے والے ناموں کو تبدیل کرکے سرکاری فوج کے عہدوں کے ہی نام استعمال کئے جائیں گے۔ جیسے سپاہی، جنرل، کرنل وغیرہ
الحشد الشعبی کے زیراھتمام تمام کیمپوں کوبھی قومی مسلح افواج کی طرح مالی معاونت کی جائے گی اور فوجی ساز وسامان بھی دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عراقی رہنما مقتداالصدر نے وزیراعظم کے حکم نامے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحشد الشعبی کو مسلح افواج میں شامل کرنے سے ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
خیال رہے کہ عراق میں امریکا اسرائیل اور سعودی عرب کے حایت یافتہ تکفیری دہشت گردوں کو شکست دینے میں الحشد الشعبی نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔