ایل او سی دھماکہ: عمران خان کی شدید مذمت
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب ہونے والے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاﺅس سے جاری کئے گئے بیان میں عمران خان نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں مذکورہ دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی اور واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکا خیز مواد پھٹنے کا واقعہ ایل او سی سے چند میٹر دور چھمب سیکٹر میں برنالہ کے علاقے میں آیا تھا جس میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی شناخت صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اس قسم کی سرحدی دہشتگردی کر کے ایک مدت سے دوطرفہ سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قواعد کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔