رانا ثناء اللہ پر منشیات برآمدگی اور کالعدم تنظیموں سے رابطے کے بعد سابق گورنر کے قتل کا الزام
سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کی صاحب زادی سارہ تاثیر نے دعوی کیا ہے کہ ان کے والد کے قتل کی منصوبہ بندی رانا ثنا اللہ نے کی تھی۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق رانا ثناءاللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری کے بعد جہاں حلیفوں اور حریفوں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے وہیں ایک ایسا خوفناک بیان سامنے آیا ہے جس نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کی صاحب زادی سارہ تاثیر کا کہنا ہے کہ ان کے والد کے قتل کا ماسٹر مائنڈ رانا ثنا اللہ ہے۔
مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی صاحب زادی سارہ تاثیر نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ سے زیادہ پست آدمی کوئی نہیں، وہ دھوکے بازی سے لے کر قتل تک میں قانون سے بچتا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں اپنے والد کے قتل کے ماسٹر ماینڈ ہونے کا کسی پر شبہ کر سکتی ہوں تو وہ صرف رانا ثنا اللہ ہے۔
رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی خوش ہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل یوں تو رانا ثناء اللہ کو منشیات اسمگلنگ جیسے سنگین معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم اس گرفتاری کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے معاملہ منشیات برآمدگی سے بھی سنگین بنا دیا۔ ان کا دعوی ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں۔
ابھی وزیر اطلاعات پنجاب کے بیان کی بازگشت تھمی نہ تھی کہ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی صاحب زادی نے واشگاف الفاظ میں رانا ثناء اللہ کو اپنے والد کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔