امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے، شمالی کوریا


شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور ملاقات کے باوجود امریکا دشمنی والا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے وفد نے کہا ہے کہ امریکا پر پابندیاں لگانے کا جنون ہے۔

شمالی کوریا نے الزام لگایا کہ واشنگٹن، جزیرے میں پر امن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے۔

شمالی کوریا کے وفد کا کہنا ہےکہ یہ رد عمل امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی طرف سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو بھیجے گئے اس مشترکہ خط کی وجہ سے ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خط میں اقوام متحدہ کے تمام ممبران سے شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے وفد کا کہنا تھا کہ امریکا کا عملی طور پر شمالی کوریا کے خلاف زیادہ سے زیادہ جارحانہ عمل ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ کی گزشتہ دنوں شمالی اور جنوبی کوریا کے بارڈر پر تاریخی ملاقات ہوئی تھی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا تھا۔