امریکا اور یورپ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے: ولایتی


بین الاقوامی امور میں امام خامنہ ای کے مشیر اور سابق وزیرخارجہ علی اکبر ولایتی کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی امور میں امام خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے ایران مجبور ہوا کہ وہ اس معاہدے کے دائرے میں رہتے ہوئے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے 300 کلو گرام سے زائد یورینیم کی افزودگی کے متعلق بیان دیتے ہوئےکہا کہ ایران اپنی ضرورت کے مطابق یورینیم کی افزودگی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یورپی ممالک نے جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل نہ کیا تو ایران بھی سلسلہ وار رد عمل دکھائے گا۔
ولایت کا کہنا تھا اگر یورپی ممالک نے اپنے کئے ہوئے وعدے نبھائے تو ایران بھی اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے مکمل طور پر مشترکہ ایٹمی معاہدے پرعمل کیا اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے اپنی 15 رپورٹوں میں اس بات کی تائید اور تصدیق کی کہ ایران مشترکہ ایٹمی معاہدے پر گامزن ہے۔
امریکا سمیت یورپی ممالک نے جوہری معاہدے پر عمل نہیں کیا جس پر ایران کو افسوس ہے اور ایران نے بھی معاہدے کے مطابق اس سے خارج ہونے کے اقدام کا آغاز کردیا ہے۔
ولایتی نے کہا کہ مشترکہ جوہری معاہدے میں شریک ممالک جتنا اس پر عمل کریں گے ایران بھی اتنا ہی عمل کرےگا۔