اپنی فوج شام نہیں بھیجیں گے، جرمنی کا امریکا کو صاف جواب


جرمنی نے امریکا کو اپنی زمینی فوج شام بھیجنے سے متعلق صاف انکار کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکا نے جرمنی سے اپنی زمینی فوج شام بھیجنے کا مطالبہ کیا جس کے جواب میں جرمنی سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی فوجیں شام نہیں بھیجیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شام کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی جیمز جیفری نے گزشتہ دن جرمنی کے اخبار ’ڈی ویلٹ‘ سے بات چیت میں واضح طور پر کہا تھا کہ ان کا ملک امریکہ اس بات کا خواہش مند ہے کہ جرمنی شام میں اپنی زمینی فوج تعینات کرے۔

اس مطالبے کے حوالے سے جرمنی کے حکومتی ترجمان اسٹیفان زائبرٹ نے برلن میں ایک بیان دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ جرمنی شام میں اپنی زمینی فوج نہیں بھیجے گا۔

حکومتی ترجمان زائبرٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ جرمنی داعش کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد میں اہم کردار ادا کرتا آیا ہے تاہم شام میں فوجی کی تعیناتی منصوبے کا حصہ نہیں ہے لہذا جرمنی کی فوج شام میں تعینات نہیں کی جائے گی۔