مغرب کے نام نہاد مہذب معاشرے میں خواتین کا مقام؛ 6 ماہ میں 74 قتل


فرانس میں گذشتہ 6 ماہ کے مختصر عرصے میں 74 خواتین گھریلو تشدد کے باعث ہلاک ہو گئیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق انسانی اور خصوصا خواتین کے حقوق اور آزادی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے مغربی معاشرے میں خواتین کا مقام اس افسوسناک رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ فرانس میں گذشتہ 6 ماہ کے مختصر عرصے میں 74 خواتین گھریلو تشدد کے باعث ہلاک ہوئی ہیں۔

اس زمرے میں گزشتہ روز پیرس میں 2 ہزار سے زیادہ خواتین نے اپنے حقوق کے لیے مظاہرہ کیا۔ ان خواتین کا کہنا تھا کہ عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنانے سے روکنے کے لئے بنائے گئے قوانین کے باوجود شوہروں کے بیویوں پر تشدد سے بچاؤ ممکن نہیں ہو سکا۔

اسی طرح گھروں میں کام کرنے والی خواتین ملازمین بھی مسلسل جنسی تشدد اور ہراسانی سے متاثر ہوتی ہیں۔

مظاہرین کے مطابق ہر سال ہزاروں خواتین تشدد سے متاثر ہوتی ہیں جس میں سے بعض ہلاک بھی ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اس انسانیت سوز عمل کا تدارک کرنے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ رواں سال یکم جنوری سے تاحال خاوند یا سابق شراکت داروں کے تشدد کے باعث کم از کم 74 فرانسیسی خواتین ہلاک ہوئیں جبکہ گزشتہ سال ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد 120 تھی جن میں بعض خواتین حاملہ تھیں۔

اسی حوالے سے جب ہم تعلیمات اسلام کی جانب نگاہ اٹھاتے ہیں تو ہمیں قرآن و حدیث اور فرامین آئمہ کرام علیہم السلام کی روشنی میں جگہ جگہ خواتین کی عزت کرنے اور ان سے نرم مزاجی سے پیش آنے کی تاکید ملتی ہے۔