مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی کی خودکشی


مقبوضہ کشمیر میں طویل ڈیوٹیوں اور سختیوں کے باعث بھارتی فوجی بیزار ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے ایک اور فوجی نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔

 

 

 

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے میران صاب کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا۔ جس کے بعد حکام نے اس کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

دسمبر2017ء میں بھارتی فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے سپاہی کا تعلق ریاست آندھراپردیش سے تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوجی کی جانب سے خودکشی کئے جانے کی وجہ مایوسی اور عدم اطمینان بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے واقعات نئے نہیں ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال 104 بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی۔

اس حساب سے اوسطا ہر ماہ قریبا 8 سے 9 بھارتی اہلکاروں نے اپنی زندگی کا اپنے ہی ہاتھوں خاتمہ کیا۔