ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم اور سفیر کو احمق کے لقب سے نواز دیا


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے اور برطانوی سفیر کم ڈارک کو بے وقوف کہہ دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ نے احمق اور بہت بے وقوف شخص کو سفیر بنایا جس سے ہم خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سفیر کو تھریسامے سے ناکام بریگزٹ مذاکرات پر بات کرنی چاہیئے اور میری تنقید سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ تھریسا مے کو بریگزٹ پر سمجھایا مگر اس نے احمقانہ راستہ اپنایا، وہ ڈیل کرنے میں ناکام رہیں اور ڈیزاسٹر ہوا۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ اور تھریسا مے کے درمیان تعلقات میں تلخی دیکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ تھریسا مے نے کچھ عرصے قبل استعفیٰ دیا تھا اور وہ رواں ماہ کے اختتام سے قبل اپنا منصب چھوڑ دیں گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں تعینات برطانوی سفیر کم ڈارک کی ای میلز لیک ہو گئیں ہیں جس میں انہوں نے امریکی صدر اور ان کی انتظامیہنااہل و ناکارہ قرار دیا تھا۔

تاہم بین الاقوامی سیاست کے ماہرین نے ایک خاتون وزیراعظم کے لئے امریکی صدر کے الفاظ کے چناو پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔