پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا آغاز


پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو کے مذاکرات کا آج اسلام آباد میں آغاز ہو رہا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو کے 2 روزہ مذاکرات کا آج اسلام آباد میں آغاز ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا پہلا دور 2 روز تک جاری رہے گا۔ مذاکرات میں بھارت اور پاکستان کا وفد شرکت کرے گا۔

مذاکرات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شرکت کریں گے۔ ٹریک ٹو مذاکرات کا دوسرا دور نئی دہلی میں ہوگا۔

سربراہ آر پی آئی رؤف حسن کے مطابق ٹریک ٹو مذاکرات کا انعقاد ریجنل پیس انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ہورہا ہے۔

فروری کے بعد تعلقات کشیدگی کے بعد یہ مذاکرات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ رؤف حسن نے کہا کہ دونوں حکومتوں میں تعلقات کی بہتری کا راستہ ٹریک ٹو سفارت کاری ہے۔

مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے نوجوانوں کو امن کی جانب لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے روز تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ورکنگ سیشنز ہوں گے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے سابق سفرا بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ کشیدگی کے باعث پاکستان کی حدود میں بھارتی طیاروں کے داخلے پر بندش ہے جس سے بھارت کو اب تک کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے پاکستان سے فضائی حدود کھولنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ کشیدگی کے باعث بھارتی جہازوں کے لیے فضائی حدود تاحال بند ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو جواب دیا ہے کہ ایئربیس کلیئر اور جنگی طیارے ہٹانے تک فضائی حدود نہیں کھولی جائے گی۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹس جاری کر دیا ہے. بھارتی طیارے اوور فلائی کی بندش کےبعد پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی ایسٹرن فضائی حدود 27 فروری سے بند ہے تاہم پاکستان نے بھارت کیلیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع کر دی ہے.