پاکستان سے فوجی تعلقات قائم رکھنا ضروری ہے، امریکی جنرل


امریکا کے ہونے والے فوجی سربراہ جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان سے فوجی تعلقات برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکا کے ہونے والے فوجی سربراہ جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان سے فوجی تعلقات برقرار رکھنا صرف ایک نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا فوری انخلا غلطی ہوگی۔ انہوں نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا کہ چیئرمین بننے کے بعد میں امریکا اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعلقات برقرار رکھنا چاہوں گا اور ہم پاکستان سے کارروائیوں کا مطالبہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سیکیورٹی معاونت معطل کردی ہیں اور دفاعی مذاکرات روک دی ہیں مگر ہمیں اپنے مشترکہ مفادات پر فوجی تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیر اعظم عمران خان چند روز بعد امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں جو پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

یاد رہے کہ جنرل مارک ملی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کی سربراہی کے لیے نامزد کر رکھا ہے جنہوں نے اپنی پوزیشن سنبھالنے سے قبل ہی پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کر دیا ہے۔