یمن کے خلاف جنگ کے خاتمے تک جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، انصاراللہ


اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج کے خلاف جوابی کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اہم فوجی تنصیبات یمنی فوج کے نشانے پرہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک یمن کے خلاف محاصرے اور جنگ کا خاتمہ نہ کیا جائے تب تک یمنی فوج اور رضاکارفورسز ملک کا دفاع کرتے رہیں گے۔
انصاراللہ کے ترجمان «محمد عبدالسلام» نے گزشتہ روز سماجی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امریکی حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج یمن کے خلاف جارحیت بند نہیں کرتیں تب تک سعودی عرب کے حساس مقامات پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا ملک کا دفاع کرنا ہرمحب وطن کا اخلاقی اور شرعی فریضہ ہے۔
دوسری طرف یمنی فوج کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے 300 سے زائد حساس مقامات کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
یمن نے سعودی اتحادیوں کو دھکمی دیتے ہوئے کہا ہے اگر حملے جاری رہے تو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مزید حساس علاقوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کہ یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسزنے گزشتہ دنوں سعودی عرب کے تین اہم علاقوں ( نجران، جازان اور ابہاء) کے حساس مقامات پر ڈرون اور میزائل حملے کئے تھے۔