امریکا ہمارا اتحادی ہے لیکن ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی پالیسی سے متفق نہیں، برطانیہ


برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی ہمارا اتحادی ہے لیکن ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی پالیسی سے متفق نہیں اور جوہری معاہدے کو بچانے کی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ایران ایک سال کے اندر ایٹمی قوت بن سکتا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو امریکا کے دست بردار ہونے کے باوجود ختم ہونے سے نہیں بچایا جاسکا تو ایران ایک سال کے اندر جوہری بم تیار کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو سمجھنا ہوگا کہ جوہری معاہدے کو بچانے کا موقع ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔

دوسری جانب فرانس کے قومی دن کے موقع پر جاری مشترکہ بیان میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے کو روکنے کے لیے ذمہ داری نبھانا ہوگی تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک بار پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا عالمی جوہری معاہدے میں دوبارہ سے فریق بنتا ہے اور ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرتا ہے تو ہمیں بھی مذاکرات کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔