ڈی آئی خان: دہشتگردی کے 2 واقعات میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق


ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہر خودکش دھماکے اور پولیس چوکی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکاروں سمیت8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے 2 افسوسناک واقعات وقوع پذیر ہوئے جن کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں صبح سویرے دہشتگردی کے 2 واقعات پیش آئے ہیں۔ دہشتگردوں نے پہلے کوٹلہ سیدان کے قریب پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
شہید اہلکاروں کی میتوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اسی دوران ڈی آئی خان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے گیٹ پرخودکش بمبار خاتون نے خود کو اڑالیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے کانسٹیبل جہانگیر اور انعام کورائی بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ ڈی آئی خان منتقل کر دیا گیا ہے جن میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈی آئی خان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہر دھماکا خودکش تھا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہر خودکش دھماکا خاتون نے کیا ہے، خودکش حملوں کے بعد ڈی آئی خان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والوں میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔