امریکا میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سید علی گیلانی


بزرگ کشمیری رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نےمسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سید علی گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کو ان الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے کہ میں اپنی زندگی میں پہلا لیڈر دیکھ رہا ہوں جس نے ہم نہتے کشمیریوں کے لیے آواز اُٹھائی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ امریکا کو کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا، ہم امریکا میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے دوران ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے دیرینہ تنازع کو حل کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی کشمیر پر ثالثی سے متعلق مجھ سے بات کر چکے ہیں، مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کی امداد تب بند ہوئی جب عمران خان وزیر اعظم نہیں تھے، اب عمران خان اقتدار میں ہیں اور انتہائی مقبول وزیر اعظم ہیں، اب پاکستان کی امداد بحال ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں 10 سے 12 گنا اضافہ ہوسکتا ہے، اسلام آباد سے بہتر اقتصادی اور تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور پاکستانی عوام با صلاحیت ہیں، عمران خان نے دعوت دی تو پاکستان کا دورہ کروں گا۔