بورس جانسن کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا گیا


برطانوی حکمراں جماعت کنزر ویٹو پارٹی نے بورس جانسن کو برطانیہ کا وزیراعظم نامزد کر دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیرخارجہ بورس جانسن نے 92 ہزار سے زائد ووٹ لیکر اپنے مدمقابل وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ کو شکست دے دی، جیرمی ہنٹ کو 47 ہزار ووٹ پڑے۔ بورس جانسن کل سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گے جب کہ تھریسامے کا آج بطور وزیراعظم آخری دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 10 امیدوار میدان میں موجود تھے تاہم مختلف مراحل میں ہونے والے اس انتخاب کے آخر تک پہنچتے پہنچتے صرف 2 امیدوار جیرمی ہنٹ اور بورس جانسن میدان میں رہے گئے۔ یوں یہ مقابلہ موجودہ اور سابق وزرائے خارجہ کے درمیان ہوا۔
55 سالہ بورس جانسن 2016 سے 2018 کے درمیان بطور وزیر خارجہ خدمات انجام دیتے آئے ہیں تاہم وزیراعظم تھریسامے کی ’بریگزٹ ڈیل‘ سے اختلافات کے باعث مستعفی ہوگئے تھے جب کہ وہ 2008 سے 2016 تک لندن کے میئر بھی رہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی موجودہ وزیراعظم ٹریزامے نے گزشتہ ماہ بریگزٹ ڈیل کی پارلیمنٹ سے منظوری میں ناکامی کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ٹریزا مے آج پارلیمنٹ سے الوداعی خطاب اور سوالات کے جوابات دیں گی جس کے بعد وہ اپنا استعفیٰ ملکہ برطانیہ کو پیش کریں گی۔
اس کے بعد بورس جانسن اپنی تعیناتی کی تصدیق کے لیے بکنگھم پیلس جائیں گے جہاں سے وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بلیک ڈور نمبر 10 کے سامنے خطاب کریں گے۔
بورس جانسن کی اہلیہ کا آبائی تعلق پاکستان کے شہر سرگودھا سے ہے تاہم دونوں کے درمیان 2018 میں علیحدگی ہوچکی ہے۔