15 اگست کو دنیا بھرمیں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کیا جائےگا


دنیا بھرکے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی اور کشمیری شہری بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تارکین وطن زلفی بخاری کی اپیل پر دنیا بھرمیں بھارتی سفارتخانوں کے باہر نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تارکین وطن زلفی بخاری نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کی آزادی کے دن کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام سے یوم یکجہتی کا دن بھی منایا جائے گا۔
حکومت نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ 15 اگست کو بھارت کی آزادی کے دن دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرے۔
15 اگست بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے اس کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 'میں بیرون ملک میں رہا ہوں مجھے معلوم ہے کہ وہاں احتجاج کی کتنی اہمیت ہوتی ہے اور میری اپیل ہے تمام تارکین وطن پاکستانیوں سے کہ 15 اگست کو بھارتی ہائی کمیشن یا سفارتخانے کے باہر احتجاج کریں'۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 'تارکین وطن پاکستانیوں کو انسانی حقوق کی معاملے پر اپنے دوستوں سے بھی اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دینی چاہیے'۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی 15 اگست کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج میں شرکت کریں گے۔