جشن آزادی کے موقع پر 41 عظیم شخصیات کے لئے ایوارڈز کا اعلان
صدر مملکت پاکستان عارف علوی کی جانب سے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر صدر مملکت پاکستان عارف علوی کی جانب سے ان 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔
سرکاری اعلان کے مطابق ایوارڈ دینے کی تقریب 23 مارچ 2020 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے اپنے شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والی جن شخصیات کو ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر قومیت کے افراد بھی شامل ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن، چین کی 2شخصیات سونگ تاؤ اور زونگ شون اور اسی طرح متحدہ عرب امارات کے شیخ منصور بن زاید النہیان کو بھی ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا۔
چین کے ژوبیگ اور امریکا کے نجیب اللہ غوری کو پاکستان کے لیے خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا جب کہ چیک ریبپلک کے پاول بیم کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کو پبلک سروس اور نیشنل سیکیورٹی پر، خلیق داد خان کو الیکٹرانکس، قاری صداقت علی، مفتی محمد تقی عثمانی اور علامہ رضی جعفر نقوی کو پبلک سروس پر ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
ضیاء آفتاب کو انجینئرنگ الیکٹرانکس، ریحان ماجد کو انجینئرنگ میکینکل ایرواسپیس، ڈاکٹر رضوان حسین سائنس کیمسٹری، عبدالقیوم کوانجینئرنگ میکینکل اور محمد الیاس کو انجینئرنگ مائنز پر ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا۔
ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو سائنس، فزکس اور نینو ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ایوب صابر کو تعلیم، ڈاکٹر کامران وصفی کو ادویات اور محمد جاوید آفریدی کو عوامی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
عمران سیریز کے خالق اسرار احمد (ابن صفی مرحوم) کو ادبی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا جب کہ احمد اللہ کو عوامی خدمات اور زیادہ ٹیکس ادائیگی پر ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالقدوس شہید کو ہلال شجاعت سے نوازا جائے گا۔
واضح رہے کہ مندرجہ بالا اور ایوارڈز کے لئے نامزد دیگر شخصیات نے اپنے اپنے شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کے لئے نمایاں کارنامے سرانجام دئیے ہیں اور ان کی انہیں خدمات کے نتیجے میں ان کو ایوارڈز سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔