پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی، مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدرسمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج
پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرنے پر نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدرسمیت 16 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق شریف خاندان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ تازہ واقعہ میں ایس ایچ او اسلام پورہ کی مدعیت میں نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدرسمیت 16 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرنے پر درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد احاطہ عدالت میں بدنظمی پر پولیس نے لیگی کارکنوں کو حراست میں لیا تو کیپٹن (ر) صفدر نے پولیس اہلکار سے ڈنڈا چھین لیا اور پولیس اہلکار پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود کارکنوں اور اہلکاروں نے بیچ بچاﺅ کرا دیا اور معاملہ مزید پیچیدہ نہ ہوا۔
تاہم آج پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرنے کے جرم میں مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدرسمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری سمیت 8 رہنماؤں کے خلاف بھی پولیس سے ہاتھا پائی کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔