وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آج قوم سے خطاب کریں گے


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہے وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آج قوم سے خطاب کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 'وزیر اعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قوم کو آگاہی دیں گے۔'

یاد رہے کہ دو روز قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا تھا کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت نے وادی میں ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جبکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا تھا کہ کشمیر کاز کی حمایت اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ترجمانی گروپ تشکیل دیا ہے جس کے ہفتہ وار اجلاس وزیراعظم خود کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور وادی میں کرفیو نافذ کرکے حریت قیادت اور سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کر کے گھروں یا جیلوں میں قید کردیا تھا۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ اقدام، مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن اور نہتے عوام پر مظالم کی ہر سطح پر مذمت کر رہا ہے اور اس نے عالمی برادری سے بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان بھی بھارت کے مظالم کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کئی بار بیانات جاری کر چکے ہیں۔

مقبوضہ وادی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان نے یوم آزادی کو 'یوم یکجہتی کشمیر' کے طور پر منایا تھا، جبکہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی 'یوم سیاہ' کے طور پر منایا گیا۔