متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک نے بھارتی وزیراعظم کو سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز دیا


متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی بھارتی وزیراعظم مودی کو اپنے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ سے نوازے جانے کے بعد اب بحرین نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کو سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز دیا ہے۔
 جس پر سوشل میڈیا صارفین ایک بار پھر چیخ اٹھے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ان دنوں مختلف ممالک کے مختصر دوروں پر ہیں۔
سب سے پہلے انہوں نے فرانس کا دورہ کیا جہاں انہیں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے قدرے تنقید کا سامنا رہا۔
فرانس کے بعد انہوں نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں انہیں ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ’ زاید میڈل‘ پہنایا۔
متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد مودی نے بحرین کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسا الخلیفہ نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نریندر مودی کو اہم ترین اعزاز ’آرڈر آف دی رینی سانس‘ (نشاۃ الثانیہ) سے نوازا گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے بحرین کے دورے کے موقع پر بھارتی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ وزرائےاعظم کو بحرین پہنچنے میں زیادہ وقت لگ گیا اور بحرین میں دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم کا اعزاز میرے حصے میں آیا۔
دوسری جانب یو اے ای اور بحرین کی جانب سے مودی کو ایوارڈ دیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کو شدید ترین تنقید کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ ان مسلم ممالک کی جانب سے مودی کو ایسے موقع پر ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے جب مودی کی جانب سے کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے۔

یاد رہے کہ مسلم اکثریتی ممالک جنہوں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مودی کو اعلیٰ سویلین ایوارڈز سے نوازا، ان میں بحرین، متحدہ عرب امارات، فلسطین، افغانستان، سعودی عرب اور مالدیپ شامل ہیں۔