اگلے تین ماہ کے دوران پاک بھارت جنگ چھڑسکتی ہے‘ شیخ رشید


وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگلے تین ماہ کے دوران پاک بھارت جنگ چھڑسکتی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نومبر اور دسمبر میں پاک بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 جنگیں ہو چکی ہیں یا ہونے کے قریب پہنچ کرواپس لوٹے ہیں، 23 دن سے ہٹلر اور خونخوارمودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آ رہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ وہاں کے نوجوانوں کی جدوجہد کرے گی، سلامتی کونسل نے مسئلے کا حل نہیں کیا، اگر وہ سنجدہ ہوتی تو رائے شماری ہو چکی ہوتی۔ 25 کروڑ مسلمان آج پاکستان کی طرف دیکھ رہےہیں، آج ہمیں کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
وزیر ریلوےشیخ رشید نے کہاکہ 10 محرم کے بعد میں دوبارہ کشمیر کا دورہ کروں گا، ذہنی پستی کے شکار نریندر مودی کے راستے میں ایک ہی رکاوٹ ہے وہ ہے پاکستان، مودی کو افغانستان اور دیگر ممالک جانے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں چاہیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کشمیری اتنی لمبی لڑائی لڑ رہے ہیں، عالمی اداروں کی زبانیں بند ہو چکی ہیں۔ میں نومبراور دسمبر میں پاک بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید نے کہاکہ تمام اختلاف ختم کر کے ہمیں ایک ساتھ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ، نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے، جو سوچتے ہیں کہ مذاکرات کی گنجائش ہے وہ بے وقوف ہیں۔