بھارت روس سے جدیدترین دفاعی نظام ایس 400 خریدے گا


بھارتی وزیرخارجہ کا کہناہے کہ بھارت امریکی مخالفت کے باجود روس سے دفاعی میزائل سسٹم خریدے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکرنے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی دھمکیوں کے باوجود روس سے دفاعی میزائل سسٹم ایس 400 خریدے گا۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پمپئو سے ملاقات سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو فوجی ساز و سامان خریدنے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گذشتہ برس ، روس سے پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ مالیت کے پانچ دفاعی میزائل سسٹم ایس 400 خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا روس کے بجائے اپنا اسلحہ فروخت کرنا چاہتا ہے۔