اربعین حسینی؛ ہزاروں پاکستانی زائرین ایران پہنچ گئے


اربعین حسینی مارچ میں شرکت کے لئے دنیا بھر سےعاشقان امام حسین علیہ السلام عراق کی طرف رواں دواں ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین امام حسین علیہ السلام ایران پہنچ چکے ہیں جو چند روز کے اندر عراق جائیں گے۔

تفتان حکام کے مطابق اب تک 32ہزار زائرین ایران داخل میں ہوچکے ہیں، زائرین مشہد اور قم سے ہوتے ہوئے عراق جائیں گے۔

اربعین کمیٹی کے سکریٹری رضا بختیاری کا کہنا ہے کہ کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات بھی چار ہزار چھے سو سات پاکستانی زائرین تفتان میرجاوہ بارڈر سے ایران کے اندر داخل ہوئے۔

واضح رہے کہ ایام محرم اور خاص طور پر اربعین کے موقع پر ایران آنے والے پاکستانی زائرین کی تعداد کافی بڑھ جاتی ہے۔

رضا بختیاری نے کہا کہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں اربعین کمیٹی قیام و طعام ، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل جیسی اہم خدمات زائرین کو فراہم کررہی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس پینسٹھ ہزار سے زائد پاکستانی زائرین اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایران کے راستے عراق گئے تھے اور اس سال ان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔