لبنانی قوم نے دشمن کا ناپاک منصوبہ نہایت ہوشیاری سے ناکام بنادیا/ اسلامی مزاحمتی تحریک اپنا کام جاری رکھے گی، سید حسن


اسلامی مزاحتمی تحریک حزب اللہ کے سربراہ سیدحسن نصراللہ نے لبنان کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم نے نہایت ہوشیاری کے ساتھ استعماری طاقتوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سیدحسن نصراللہ نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے مظاہروں کے بعد ملک میں کچھ تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

سیدحسن نصراللہ نے جمعہ کو اپنے خطاب میں کہا کہ بعض ممالک لبنان کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے تھے اور ہم جانتے ہیں کہ ملک کو بدامنی کی جانب لے جانے والے کون لوگ ہیں اور کون لوگ پیسے دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بعض لبنانی حکام عوام کو اکسانے کی کوشش کر رہے تھے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ ابھی تک حزب اللہ کے نام سے کوئی حکومت تشکیل نہیں پائی ہے اور جو لوگ اس طرح کی عبارتیں استعمال کرتے ہیں وہ تمام ناکامیوں کی ذمہ داری حزب اللہ کے سر پر ڈالنا چاہتے ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے لبنانی وزیراعظم سعد حریری کے استعفے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے شروع میں ہی کہا تھا کہ وہ اس استعفے کی تائید نہیں کرے گی۔ حزب اللہ کی تجویز یہ تھی کہ حکومت، عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس کرے اور بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کے لئے قانون وضع کرے اور عوام اپنے مطالبات کو پورا ہوتا محسوس کریں۔

سید حسن نصراللہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا لبنان کے اقتصاد کو نشانہ بنائے ہوئے ہے تاکید کی کہ یہ ایک سیاسی الزام نہیں ہے بلکہ اس کے ثبوت موجود ہیں۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب کے آخر میں جنوبی لبنان میں صیہونی حکومت کے ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ حزب اللہ کو حالات کے سلسلے میں کوئی تشویش نہیں ہے اور اس نے صیہونی حکومت کے ڈرون طیارے کو گرا کر ثابت کردیا کہ استقامت ہرگز خوف زدہ نہیں ہے۔