عید میلادالنبیؐ کے موقع پر سندھ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر سندھ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی محکمہ بلدیات اور محکمہ پولیس کو ہدایت ،عیدمیلادالنبیؐ کے پروگراموں بالخصوص جلوسوں کے حوالے سے تمام تر ضروری انتظامات بشمول سڑکوں کی مرمت، نکاسی کے نظام کی بہتری ،پانی کی فراہمی اورشہر بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہائوس میں مختلف مکتبہ فکر کے علماء کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اجلاس میں صوبائی وزراء، سعید غنی، سید ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب،چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، میئر کراچی وسیم اختر ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی، وقار مہدی اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے کے الیکٹرک اتھارٹیز کو چیف سیکرٹری کےذریعے ہدایت کی کہ وہ عید میلاد النبیؐ تک لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مساجد، عمارتوں اور اہم اداروں کوعیدمیلادالنبی ؐ کے حوالے سے سجایا گیا ہے لہٰذا بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے،اجلاس میں شرکت کرنے والی مذہبی شخصیات میں حاجی حنیف طیب، علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا اکبر درس، اویس نورانی، ثروت اعجاز قادری، یحییٰ  راٹھور، ڈاکٹر کوکب نورانی، صوفی محمد حسین ، علامہ کامران قادری، یحییٰ عطاری، سید محمد علی شاہ،شاہ سراج الحق قادری،مولانا عابد علی، محمد عاطف بلو، مولانا فیروزالدین رحمانی، بلال سلیم قادری،  سید منصور ہاشمی اور فہیم شیخ شامل تھے۔