حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس نقطہ اتحاد ہے، علامہ محمد امین شہیدی


امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے پیغبراکرم ص اور امام صادق ع کی ولادت پرموقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادقین کی میلاد مسلم امہ کے لئے سب سے خوبصورت پیغام ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت ہمارے لئے سب سے خوبصورت پیغام ہے۔

 آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس, آپ کا متعارف کردہ دین اور سیرت تمام بنی نوع آدم کے لئے عمومی طور پر اور مسلمانوں کے لئے خصوصی طور پر وہ نقطہ اتحاد ہے جس سے جُڑنے کے بعد گمراہی ہمیں چُھو نہیں سکتی, بشرطیکہ اخلاص کے ساتھ ان کی تعلیمات کو اپنے فرقے کے آئینے میں دیکھنے کی بجائے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے۔

امام جعفر صادق علیہ السلام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عکس ہیں۔ آپ علیہ السلام علم کا منبع ہیں۔ آپ نے اپنی حیاتِ مبارکہ میں تمام موافق حالات سے استفادہ کرتے ہوئے دینی علوم کو پھیلایا اور آپ ہی کے علمی فیض نے دنیا کو جابر بن حیان جیسے سائنسدان سے نوازا۔

 آپ کی علمی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ آپ نے دشمن کے مقابلے میں عقائد و علوم کی حفاظت بہترین انداز میں کی۔ آپ کی شخصیت کا اہم پہلو ایک عملی رہنما ہونا ہے جو میدانِ جنگ میں بہادر ترین مجاہد، حالتِ عبادت میں ایک بہترین عابد اور کسبِ معاش کے وقت ایک جفاکش مزدور رہے۔