او آئی سی کی گولڈن جوبلی پر جدہ میں رقص و سرور کی محفل / صہیونی فوج کے جنگی جہازوں کی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری
اسلامی تعاون تنظیم کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں جدہ میں عظیم جشن کا اہتمام کیا گیا جبکہ صہیونی فوج کے جنگی جہازوں نے غزہ کی پٹی پر شدید بمباری کی۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان نے بھرپور شرکت کی۔ او آئی سی کی گولڈن جوبلی کی تقریبات جدہ میں "امن و ترقی کیلئے متحد" کے عنوان کے تحت منعقد کی گئیں۔ تقریب کے سلسلے میں پاکستانی لوک فنکار اختر چنال زہری اور اکبر خمیسو خان جدہ آئے۔ انہوں نے یہاں دیگر مسلم ممالک کے فنکاروں کے ساتھ ناچ گانا کیا۔
بلوچستان اور سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی لوک گلوکاروں اور موسیقاروں ، اختر چنال زہری اور اکبر خمیسو خان نے پاکستانی علاقائی لباس پہن کر سامعین کے ایک بڑے مجمعے کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں موجود لوگوں نے پرفارمنس سے خوب لطف اٹھایا۔
لوک فنکاروں نے روایتی لباس ، موسیقی ، رقص اور پرفارمنس سے سامعین کے دل موہ لیے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف لوک نغمات سنائے۔ سامعین اپنی نشستوں سے اٹھ گئے اور لوک گانوں اور موسیقی کی دھن پر خوب رقص کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی غاصب فوج کے لڑاکا طیاروں نے آج علی الصبح بیت لاھیا میں ایک مرکزکو نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزمغربی کنارے میں صہیونی قابض فوج کے حملوں میں دسیوں نہتے فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
صہیونی فوج نے فلسطینی مظاہرین کے خلاف آنسوگیس کے گولوں کے استعمال کے علاوہ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری طرف اسرائیلی غاصب فوج کا کہناہے کہ فلسطینیوں نے صہیونی فوج کے مراکز پر راکٹ حملے کئے۔