ہم نے بطور قوم دہشت گردی کو شکست دی ہے: جنرل باجوا


پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم سانحہ اے پی ایس کو کبھی بھول نہیں سکتے، ہم نے بطور قوم دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے طویل سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہ طور قوم دہشت گردی کو شکست دے دی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا ہے اور دہشت گردی کو بہ طور قوم نا کام کیا ہے، ملک میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ہم متحد ہیں۔

جنرل باجوا نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کے بڑے سانحے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کو پانچ برس بیت گئے، بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کی، 132 ننھے طلبہ، 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔