وزیراعظم عمران خان آل سعود کے بعد آل خلیفہ سے ملاقات کریں گے


وزیر اعظم عمران خان آج بحرینی ہم منصب حماد بن الخلیفہ کی دعوت پر بحرین جائیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب سے واپسی کے بعد آج بحرین کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کریں گے، اور امیر بحرین حماد بن الخلیفہ سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

امیر بحرین کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات کی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم نے سعودی عرب کا چوتھا دورہ کیا، جس میں انھوں نے ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور بحرین کے بھارت کے ساتھ نہایت قریبی تعلقات ہیں یہی وجہ ہے ان دونوں ملکوں نے کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔

بحرین، بھارتی وزیراعظم مودی کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دے چکا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل حمایت یافتہ بحرینی حکومت اپنے ہی شہریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے،آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے ہاتھوں کئی برس سے جاری ملت بحرین کی سرکوبی سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے ملت بحرین کے خلاف کسی بھی طرح کے تشدد و ہتھکنڈے کے استعمال سے دریغ نہیں کیا ہے-

آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم و سرکوبی کے باوجود بحرین کی عوامی تحریک اپنے مطالبات کے لئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

آل خیلفہ نے سینکڑوں شہریوں کی شہریت منسوخ کردی ہے۔