حضرت عیسی ؑ کی ولادت باسعادت محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے، علامہ ہادی حسین
پاکستان میں نمائندہ مرجع تقلید آیت اللہ محمد یعقوبی کے نمائندہ علامہ ہادی حسین نے حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت باسعادت اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولادت با سعادت کی مناسبت کے موقع پر تمام پاکستانی اور مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں منعقد ہونے والے جشن تولد حضرت عیسیؑ کی تقریب میں شرکت کے بعد علامہ ہادی حسین کا کہنا تھا کہ حضرت عیسی ؑ کی ولادت باسعادت محبت اور یکجہتی کا پیغام اورتمام انسانیت کے لئے امید اور نجات کی کرن کے مانند ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مناسبت اس بات کی تائید کرتی ہے کہ تمام آسمانی ادیان عدل و انصاف اور مظلومین کی مدد کرنے کے حوالے سے متحد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے زیر قیادت مسلمانان برصغیر و عدل و انصاف پر ایمان رکھنے والے دیگر ادیان سے تعلق رکھنے والے افراد نے قیام پاکستان کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کیں۔
جس کے بدلے میں پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ یکمشت بن کر وطن عزیز پاکستان کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان رکاوٹوں کو شکست دیں۔ نیز پاکستانی قوم بلا تفرقہ اُن نظریات اور مقاصد کو بروئے کار لائیں جن کے لئے پاکستان کو معرض وجود میں لایا گیا۔
دوسری طرف مرجع عالیقدر آیت اللہ یعقوبی کے دفترواقع اسلام آباد میں ایک علمی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلبا نے شرکت کی، اس موقع پر دینی تعلیم مکمل کرنے اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا کو بھرپور سراہا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مرجعیت اس بات کی تائید کرتی ہے کہ طلبا دینی اور دنیوی تعلیم کے حصول کے لئے کوشاں رہیں۔ دونوں تعلیموں کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تاکہ دینی تعلیم کو جدید طریقوں سے پھیلایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دینی اور دنیوی تعلیم میں حائل رکاوٹوں اور خلا کو ختم کیا جائے تاکہ ان کا حصول ممکن ہو سکے۔ اس سلسلہ میں آیت اللہ یعقوبی کا دفتر مختلف اداروں کے ساتھ رابطے کر رہا ہے تاکہ طلبا کو دینی علوم کے ساتھ جدید تعلیم بھی دی جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا کو شیلڈ سے نوازا گیا۔