پاکستان ناقابل تصور قدرتی حسن سے مالامال ہے، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہےا گر یہاں سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو صرف سیاحت ہماری معیشت میں ایک بڑے اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ناقابلِ تصور خوبصورتی سے آراستہ وہ سرزمین ہے جہاں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ناقابل تصور جمال سے آراستہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہیں اور جس کا دامن غیر دریارفت شدہ سیاحتی استعداد سے بھرا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے مذکورہ ٹوئٹ ٹریول میگزین ونڈر لسٹ کی جانب سے پاکستان کے 9 مقامات کو 2020 میں ایڈونچررز کی فہرست میں شامل کرنے کے بعد کیا جس میں ہمالیہ کی وادیوں سے لے کر کیچڑ کے آتش فشاں شامل ہیں۔

ٹریول میگزین نے 2020 میں سفر کر نے والے مقامات کی فہرست میں پاکستان کے سیاحتی مقامات کو شامل کیا جہاں غیر معمولی قدرتی خوبصورتی موجود ہے۔

وانڈر لسٹ نے سیاحتی مقامات میں پاکستان کے شمالی صوبے گلگت بلتستان میں دنیا کے طویل ترین بالتورو گلیشیئر جو 63 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے، 800 میٹر اونچے ٹرینگو ٹاورز، دنیا کی بلند ترین پہاڑی میدان دیوسائی، وادی ہنز، عطا آباد جھیل، وادی نیلم ،جھیل سیف الملوک اور ملک کے مغربی اور جنوبی حصے میں واقع صحرائے تھر اور ہنگول نیشنل پارک شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے پاکستان ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے باہمی تعاون کے ساتھ ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا تاکہ ’قومی سیاحتی حکمت عملی‘ کو حتمی شکل دی جاسکے۔

ورکشاپ کے دوران نیشنل ٹورزم کوآرڈینیشن بورڈ (این ٹی سی بی) کے اراکین، نجی شعبے سے وابستہ سیاحتی ماہرین اور دیگر نے اس حوالے سے تجاویز دی تھیں۔

چیئرمین این ٹی سی بی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے ورکشاپ کا افتتاح کیا تھا اور شعبہ سیاحت میں کردار ادا کرنے پر شرکا کو سراہا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت، ماہرین اور نجی شعبے کے نمائندوں کے تعمیری اور نتیجہ خیز آرا کا خیرمقدم کرتی ہے جسے سیاحت کی حکمت عملی میں شامل کیا جائے گا۔

ذوالفقار عباس بخاری نے کہا تھا کہ تجویز کردہ حکمت عملی اہم سنگِ میل کو مزید منظم طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرے گی۔