ایرانی سفیرکی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرنے پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرنے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
کل پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے سفیر سید محمد علی حسینی نے جنرل باجوا سےملاقات کر کے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری طرف امریکی وزیردفاع نے آرمی چیف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیردفاع ڈاکٹر مارک ٹی اسپر نے ٹیلی فون کیا اور امریکا ایران کشیدگی اور مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم سب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کرکے خطے میں قیام امن کے لئے بہت کام کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں، خطے میں امن کے لئے ہرقسم کی کاوش کی حمایت کریں گے۔
پاکستان آرمی کا کہنا ہے کہ ایرانی سفیر کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ نے امریکی حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا بدلہ لیتے ہوئے عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں عین الاسد اور اربیل پر میزائلی حملے کیے۔