شھید قاسم سلیمانی غیبت امام زمانہ علیہ السلام میں اپنی ذمہ داریاں سمجھ چکے تھے، علامہ راجہ ناصر
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے مشہد میں طلاب کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی غیبت امام زمانہ علیہ السلام میں اپنی ذمہ داریاں سمجھ چکے تھے
دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشھد مقدس اور موسسہ شھید عارف الحسینی کی طرف سے جنرل شھید قاسم سلیمانی اور ابو مھدی المھندس اور ان کے ساتھیوں کی مظلومانہ شھادت کے خلاف اور ایرانی قوم سے اظہار یکجہتی کے لئے پروگرام "سرداران ولایت" کا انعقاد کیا گیا۔جس میں علماء کرام اورطلباء عظام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب پروگرام کے خطیب تھے۔
علامہ صاحب نے امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کی ریشہ دوانیوں کے بارے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اسلامی دنیا کے ہیرو تھے اور ہیرو ہیں۔
علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ اس مرد مجاہد نے وسائل کی کمی کے باوجود دنیا کے سب سے بڑے دھشت گرد امریکا کا مقابلہ کیا اور اسکو لبنان میں،فلسطین میں،عراق میں،شام میں،یمن میں شکست فاش دی اور جب امریکا انکا مقابلہ نہ کر سکا تو انکو ناجوانمردانہ شھید کر دیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شھید سردار قاسم سلیمانی غیبت امام زمانہ علیہ السلام میں اپنی ذمہ داریاں سمجھ چکے تھے اس لئے وہ میدان میں آئے اور ھمیشہ کامیاب رہے۔
علامہ صاحب نے کہا کہ آج ہمیں مراجع عظام کا کا دست بازو بننا چاہیے اور عوام کو اس نظام سے وابستہ کرنا چاہیے؛کیونکہ یہ نظام ولایت فقیہ سے جڑا ہوا ہےاور آج اسلام ناب کی استعمار کے مقابلہ میں کامیابیاں ولایت فقیہ کی برکت سے مل رہی ہیں۔
پروگرام سے پہلے شھدا کی بلندی درجات کے لئے اور استاد حجتہ الاسلام والمسلمین مرحوم محمد ابراھیم محسنی کے ایصال ثواب کے لئے ختم قرآن کیا گیا۔