خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور قریبی روابط کی برقراری میں دلچسپی رکھتا ہے
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا: مسلم امہ میں اختلافات اورجدائی کسی کے مفاد میں نہیں۔
ایران کے صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم سب کو علاقے میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور امن و استحکام کیلئے کوشش کرنی چاہئیے۔
حسن روحانی نے علاقے میں جنگ اور کشیدگی کو علاقے کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ ایران علاقے میں جنگ کے درپے نہیں ہے تاہم اپنے مفادات کا دفاع کرتا رہے گا۔
ایران کے صدر نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور اسی طرح مسافر بردار طیارے کے سانحہ پر حکومت پاکستان کی تعزیت و ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو المناک سانحات صرف ایران سے متعلق نہیں تھے بلکہ اس غم میں دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکام، وہائٹ ہاوس اور اسی طرح غاصب صیہونی حکومت اور داعش جیسے گروہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر خوش ہوئے لیکن اس کے مقابلے میں دنیا بھر کے امن دوست عوام جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر غمگین اور سوگوار ہیں۔
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اورمسافر بردار طیارے کے سانحہ پرتعزیت و تسلیپت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت المناک تھا۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمدجواد ظریف سے اہم دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی
قبل ازیں پاکستانی وزیرخارجہ نے اپنے دورہ ایران کا آغاز مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہرکی زیارت سے کیا۔
انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت سے دورے کا آغاز میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مشہد مقدس میں پاکستانی زائرین کے لئے بہترین سہولیات فراہم کرنے پر صوبہ خراسان رضوی کے گورنر اور حرم مطہر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی کا یہ دورہ ایک ایسے وقت انجام پایا ہے جب خطے میں امریکا کے دہشت گردانہ اقدامات اور مداخلت پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔