آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم
وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔
تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں اضافے پر سخت انتظامی اقدامات کرنے پر غور شروع کردیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز نے خبر دی ہے کہ آٹا بحران پر ملک گیر گرینڈ آپریشن زیرغور ہے اور وزیراعظم آفس نے چاروں چیف سیکریٹریز کو وزیراعظم عمران خان کا انتہائی اہم پیغام پہنچایا گیاہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبائی حکومتوں، چیف کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ایک مرتبہ پھر آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا ہے اور حکومت اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز ذمے داری لینے اور مسئلے کا حل تلاش کرنے کے بجائے بحران کی ذمے داری ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں۔
کئی ماہ سے جاری بحران ایک ایسے موقع پر شدت اختیار کر گیا ہے جب چند دن قبل ہی وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی حکام کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ مہنگی اشیائے خوردونوش کا تدارک کرتے ہوئے عوام کو سستی اشیا کی فراہمی یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کریں۔